وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کو زیادہ پیسہ ملنے کا جھوٹ بولا جاتا ہے، درحقیقت پیسہ ہر صوبے کے پاس موجود ہے، صرف کام کرنے کی نیت اور ارادے کی کمی ہے۔
لاہور میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لوگ وزیر اعلیٰ بن کر پروٹوکول اور سیاست پر توجہ دیتے ہیں، لیکن اچھی گورننس سے بہتر کوئی سیاست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، اور کوئی صوبہ اس لیے محروم نہیں کہ اس کے پاس پیسہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دل کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، صوبے کے اسپتالوں میں دوسرے صوبوں کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے اور طلبہ بھی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بغیر کسی تفریق کے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پنجابی، سندھی یا پختون کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی جاتی کیونکہ یہ ملک کو کمزور کرتی ہے۔
غریب کی زندگی میں آسانی ہی اصل کامیابی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ان کے دور میں سفارش اور رشوت کے نظام کا خاتمہ کیا گیا، اور انہوں نے خود دن میں 30،30 انٹرویو کر کے لوگوں کو شفاف طریقے سے تعینات کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح 100 فیصد سے 30 فیصد پر آ گئی ہے اور سی سی ٹی وی کی نگرانی کے باعث جرائم، ٹریفک کی خلاف ورزی اور ہراسانی کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج شاید ہی کسی موٹرسائیکل سوار کو ہیلمٹ کے بغیر سڑک پر دیکھا جا سکے، اور صوبے میں پہلے ہونے والے زیادتی کے واقعات میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
