اتوار, 15 جون , 2025

ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا مکمل، طلبا کے لیے بھی اقدامات جاری ، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ ایران میں موجود پاکستانی طلبا کے انخلا کے لیے بھی مربوط انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبا کے انخلا کے پہلے مرحلے میں 154 پاکستانی طلبا کو نکالا جائے گا، جبکہ باقی افراد کی مرحلہ وار منتقلی کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں پاکستانی سفارتخانہ نہ صرف مقامی طلبا سے مسلسل رابطے میں ہے بلکہ عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین سے بھی رابطے میں ہے تاکہ ان کی محفوظ رہائش اور جلد واپسی کو ممکن بنایا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ وزارت خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے فعال ہے اور ہر لمحہ حالات کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث ایران، عراق اور دیگر مقامات پر مقیم پاکستانیوں کی سلامتی پر خدشات بڑھ گئے تھے۔ اس سے قبل بھی حکومت پاکستان نے بیرون ملک پھنسے شہریوں کے لیے خصوصی پروازوں اور انخلا کے کامیاب اقدامات کیے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter