وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشنرز کے لیے 15 فیصد پنشن اضافے کی منظوری دے دی، اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای او بی آئی (مزدوروں کے لیے ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن) پنشنرز کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
اجلاس میں اہم سیاسی، اقتصادی اور سماجی امور پر غور کیا گیا، جن میں مہنگائی کے اثرات، عوامی فلاحی منصوبے، اور وزارتوں کی کارکردگی بھی زیر بحث آئی، وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کا پرامن انعقاد قابل تحسین ہے، جس کا سہرا چاروں صوبوں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو جاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ کابینہ کو ڈیڑھ سال کا عرصہ مکمل ہو چکا ہے، اب ہر دو ماہ بعد تمام وزارتوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو سراہا جائے گا جبکہ کمزوریوں پر اصلاحات اور، اگر ضروری ہوا، تو تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ صرف کارکردگی کو ہی معیار بنایا جائے گا، اور کسی کو جھوٹا تاثر پھیلانے یا کام نہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کئی برسوں سے مہنگائی کے خلاف اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس سے قبل بھی چند مرحلوں میں پنشن میں اضافہ کیا گیا تھا، تاہم محدود وسائل کی وجہ سے یہ اضافہ ہمیشہ ناکافی سمجھا گیا۔ اب 15 فیصد اضافے کو ان پنشنرز کے لیے ایک ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا اطلاق نئے سال کے آغاز سے ہو گا۔