فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی این ایس رہبر میں ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے تو اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری دشمن پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور امن کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج پاکستان خطے میں "نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر جانا جاتا ہے، اور اگر دشمن یہ سوچتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کر لے گا تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، اور پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس مسئلے کے حل کا پُرعزم حامی ہے۔
آرمی چیف نے بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، جبکہ بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے۔ پاکستان ہر حال میں اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا اور اس میں کسی قسم کی کوئی کمزوری نہیں دکھائے گا۔
کیڈیٹس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم منیر نے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بن رہے ہیں، جو اعلیٰ عسکری اخلاقیات اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کی حامل ہے۔ انہوں نے کیڈیٹس سے اپیل کی کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہمیشہ محنت جاری رکھیں۔