کراچی،بھارتی فضائی حملوں کے خدشے کے پیش نظر سندھ بھر میں تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں "ہیلتھ ایمرجنسی” نافذ کرتے ہوئے عملے کی تمام چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے، جبکہ ایمرجنسی رسپانس یونٹس کو بھی مکمل الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ تمام اسپتالوں میں ایمبولینس سروس، آکسیجن، آئی وی فلوئیڈز اور ضروری ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے،کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔ اسپتالوں کو کہا گیا ہے کہ ہر ایمرجنسی کیس کو مکمل توجہ اور احتیاط کے ساتھ ڈیل کیا جائے۔