پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بعد اب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی الیکٹرک ٹرام بسوں کے ساتھ الیکٹرک میت بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو ملک میں پائیدار اور ماحول دوست سفری سہولتوں کی جانب ایک اور بڑا قدم ہے۔
یہ فیصلہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں الیکٹرک بس سروس سے مستفید ہونے والے مسافروں کی یومیہ تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جس سے اس منصوبے کی افادیت اور کامیابی کا اندازہ ہوتا ہے۔
منصوبے کے تحت، اسلام آباد میں نہ صرف شہریوں کے لیے الیکٹرک میت بسیں فراہم کی جائیں گی، بلکہ سی ڈی اے کے ملازمین کے لیے بھی چار مخصوص الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
چیئرمین رندھاوا نے ہدایت کی کہ بسوں کو معذور افراد، خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے مکمل طور پر سازگار بنایا جائے، اور اس حوالے سے ٹیکنیکل فزیبلٹی رپورٹ پر فوری کام شروع کیا جائے۔