ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود آندھیوں اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جون سے ملک میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے، جو 8 جون سے ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کرے گی۔ اس دوران ملک میں ہوا کے زائد دباؤ کا سسٹم سرگرم رہے گا، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے، جو 7 سے 12 جون کے درمیان برقرار رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کے سبب ملک کے میدانی علاقوں میں گرد آلود آندھیوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس سے بعض علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
ادھر کراچی کے شہریوں کے لیے بھی گرم اور مرطوب موسم کی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے تینوں دن شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
عید کے دوسرے دن شہر قائد میں سمندری ہواؤں کی رفتار میں تیزی آسکتی ہے، جو 35 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ان دنوں سمندری ہوائیں بحال رہنے کی توقع ہے، جو حبس کی شدت کو کسی حد تک کم کر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بزرگ، بچے اور بیمار افراد۔