پیر, 2 جون , 2025

عید الاضحیٰ : 144 نافذ، کھالیں جمع کرنے اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ کے دوران سیکیورٹی و صفائی کے پیش نظر 5 سے 11 جون تک دفعہ 144 نافذ کر دی، کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے، نہروں میں نہانے اور کھلے عام اسلحہ دکھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

latest urdu news

لاہور، پنجاب حکومت نے عید الاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ، صفائی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت متعدد سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدامات 5 جون سے 11 جون تک لاگو رہیں گے۔

دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ صرف باقاعدہ رجسٹرڈ فلاحی ادارے ہی کھالیں اکٹھی کر سکیں گے، عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ان اداروں سے تعاون کریں جو قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے، جس کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حالیہ واقعے میں بھی دریائے جہلم میں نہانے پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کیا گیا، جس سے انتظامیہ کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق نہروں اور دریاؤں میں نہانے، تیراکی کرنے، سری پائے جلانے اور کھلے عام اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہو گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت سے تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں تاکہ عید کے دن محفوظ اور پرامن طریقے سے گزارے جا سکیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی، کھالوں کی غیر قانونی جمع آوری اور سیکیورٹی خدشات کے باعث متعدد بار پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کی جا چکی ہے تاکہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter