وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، سوات، چترال، مردان اور ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ آج صبح 5 بج کر 15 منٹ پر آیا، جس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، اور اس کی گہرائی 120 کلومیٹر تھی۔ خوش قسمتی سے ابتدائی رپورٹ میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کی وجہ زمین کی تہہ میں موجود تین بڑی ٹیکٹونک پلیٹیں ہیں — یوریشین، انڈین اور اریبین۔ زیر زمین حرارت اور توانائی کے اخراج سے یہ پلیٹیں حرکت کرتی ہیں اور آپس میں رگڑ یا ٹکراؤ کے باعث زلزلے کی لہریں پیدا ہوتی ہیں، جو زمین کی سطح پر لرزش کے طور پر محسوس ہوتی ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جہاں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ چکا ہو، وہاں دوبارہ ایسا زلزلہ آنے کا امکان ہوتا ہے، اس لیے شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔