شہر قائد میں ایک دلچسپ مگر حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چار سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کا ای چالان اس کے اصل مالک کو موصول ہوگیا۔
موٹرسائیکل کے مالک کے مطابق ان کی بائیک چار سال قبل ٹیپو سلطان روڈ سے چوری ہوئی تھی، جس کی چوری کی رپورٹ ٹیپو سلطان تھانے میں درج بھی کروائی گئی تھی۔ تاہم حال ہی میں انہیں 27 اکتوبر کی تاریخ کا ایک ای چالان موصول ہوا جس میں ہیلمٹ نہ پہننے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے وضاحت کی ہے کہ شہر میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد اب ہاتھ سے چالان کاٹنے کا عمل مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
کراچی: ای چالان کا دوسرا دن، ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی 10 ہزار روپے کا چالان جاری
انہوں نے مزید بتایا کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور جدید ٹریفک نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کی زیر صدارت ٹریفک سسٹم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ کراچی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کا قیام شہر میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری شدہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے ڈیٹا کو ای چالان سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غلطیوں سے بچا جا سکے۔
 
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
 
