مستونگ: (آئی این پی) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) مستونگ رفیق حمزہ مینگل حب سے مستونگ جاتے ہوئے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے، وہ سرکاری گاڑی میں سوار تھے اور ان کا موبائل فون بھی مسلسل بند ہے۔
ذرائع کے مطابق رفیق حمزہ مینگل اپنی والدہ کے انتقال کے بعد مشکے (ضلع آواران) سے حب واپس آئے تھے اور جمعرات کی دوپہر مستونگ میں دوبارہ ڈیوٹی سنبھالنے کے لیے روانہ ہوئے۔ انہیں آخری بار سوراب نیشنل ہائی وے پر دیکھا گیا، اس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
ڈی ایس پی کی گمشدگی کی اطلاع ان کے ڈرائیور نے دی، جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری متحرک ہوگئے اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ایس پی کی جلد بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
واقعے نے سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ناکہ بندی بھی سخت کر دی گئی ہے۔