پولیس کے مطابق ڈی ایس پی رخمین خان 3 جولائی کے حملے میں زخمی ہوئے تھے، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں شہید ہو گئے، نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔
پشاور، جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ڈی ایس پی رخمین خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، پولیس کے مطابق 3 جولائی کو جنوبی وزیرستان میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں ڈی ایس پی رخمین خان شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق آج وہ اپنے زخموں کے باعث شہید ہو گئے۔ ڈی ایس پی رخمین خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کی گئی، جس میں انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور دیگر اعلیٰ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
بلوچستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی شہری سپرد خاک
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم شہداء کے مشن کو ہر صورت مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور ثابت قدم ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان میں حالیہ مہینوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس میں نہ صرف سیکیورٹی فورسز بلکہ مقامی پولیس بھی مسلسل نشانہ بن رہی ہے۔