ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیا کی بڑی ایٹمی طاقتوں سے بہتر عناصر لے کر بنایا گیا ہے، اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ پاکستان نے نیوکلیئر ویپنز کے حوالے سے ہمیشہ احتیاط، منصوبہ بندی اور بہترین ڈیزائننگ پر زور دیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیا کی پانچ بڑی ایٹمی طاقتوں (Big Five) کے بہترین فیچرز کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا، جس میں مکمل حفاظت اور کنٹرول کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ٹیکٹیکل ویپنز بھی تیار کیے ہیں جن میں 60 سے 70 کلومیٹر تک مار کرنے والے شارٹ رینج میزائل شامل ہیں، جو انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں جب ان سے بھارت کی جانب سے دریاؤں کا پانی روکنے کے خطرے پر تبصرہ مانگا گیا تو انہوں نے کہا: "ایک بٹن دبائیں گے تو ان کے ڈیم اُڑ جائیں گے، ہمارے لیے یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کو بھی پتہ ہے اور ہمیں بھی۔”
مزید گفتگو میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے انکشاف کیا کہ مئی 1998 میں ایٹمی دھماکوں سے قبل اس وقت کے وزیرِاعظم نے مغرب کے وقت انہیں بلایا اور دریافت کیا کہ "ہم دھماکے کر سکتے ہیں یا نہیں؟” جس پر ان کا دوٹوک جواب تھا کہ "ہماری تیاری مکمل ہے، ہم ہر کام کر سکتے ہیں۔”