پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ وہ تنقید سے گھبرانے والے نہیں، انہیں صرف بانی پی ٹی آئی کا اعتماد ہی کافی ہے۔
حافظ آباد کے سیلاب متاثرہ دیہات کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ مصیبت زدہ بھائی بہنوں کی مدد کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر یکجا ہونا ہوگا۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو خود بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا، کیونکہ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
اپنے خلاف جاری تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا
"لوگ مجھ پر تنقید کرتے رہیں، مجھے کوئی پرواہ نہیں۔ مجھے بانی پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے، یہی میرے لیے کافی ہے۔”
جماعت پر جاری سختیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا
"ہم گزشتہ تین سال سے ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں، ایک مخصوص جماعت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔”
بیرسٹر گوہر کا یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت بلند ہے اور سیلاب نے کئی علاقوں میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔
علیمہ خانم کی میڈیا ٹاک کے دوران تشدد کا شکار صحافی صلح پر راضی، بیرسٹر گوہر کی معذرت