ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایک غیر معمولی اور علامتی سفارتی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی وفات پر تعزیت کے لیے ڈھاکا میں موجود اعلیٰ شخصیات کے دوران عمل میں آئی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات خالدہ ضیا کی رہائش گاہ پر ہوئی، جہاں مختلف ممالک کے وفود تعزیت کے لیے موجود تھے۔ اسی موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے بھی مسکراتے ہوئے اس خیرسگالی کے اظہار کا جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان چند منٹ کی غیر رسمی گفتگو ہوئی جس میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی گئی اور تعزیتی کلمات کا تبادلہ کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ملاقات مختصر اور غیر رسمی نوعیت کی تھی، تاہم اس کی علامتی اہمیت غیر معمولی سمجھی جا رہی ہے۔ خاص طور پر اس لیے کہ پاک بھارت جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کا اس سطح پر آمنا سامنا ہوا ہے۔ ملاقات کے دوران کسی باضابطہ ایجنڈے یا تفصیلی مذاکرات کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں، تاہم خیرسگالی کا یہ تبادلہ سفارتی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
مبصرین کے مطابق ایسے مواقع پر ہونے والی مختصر ملاقاتیں بعض اوقات مستقبل کے سفارتی رابطوں کے لیے راستہ ہموار کرتی ہیں، اگرچہ فی الحال دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری برقرار ہے۔ ڈھاکا میں ہونے والا یہ مصافحہ اور مختصر گفتگو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سیاسی اور سفارتی حالات حساس نوعیت کے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلہ دیش پہنچے تھے تاکہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے اہلخانہ سے تعزیت کی جا سکے۔ اسی تعزیتی اجتماع کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں اور نمائندوں کی موجودگی نے اس ملاقات کو مزید اہم بنا دیا۔
سفارتی ماہرین کے مطابق اگرچہ اس ملاقات کو کسی بڑی پیش رفت سے جوڑنا قبل از وقت ہوگا، تاہم اسے جنوبی ایشیا کی سیاست میں ایک قابلِ ذکر اور معنی خیز لمحہ ضرور قرار دیا جا رہا ہے۔
