پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد، سرچ آپریشن جاری۔
ڈیرہ غازی خان میں پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف ایک مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کوٹ مبارک کے سرحدی علاقے میں کی گئی جہاں پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چند دہشت گرد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے نقل و حرکت کر رہے ہیں۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ دورانِ آپریشن خوارجی دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے پولیس پر حملہ کیا، تاہم پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور قریبی ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کیا ہے۔ علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ باقی مفرور عناصر کو بھی جلد گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی کی قیادت میں کیا گیا، جن کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کوٹ مبارک کا علاقہ ماضی میں بھی شرپسندوں کی آماجگاہ رہا ہے جہاں سیکیورٹی فورسز نے کئی آپریشنز کیے ہیں۔ حالیہ برسوں میں خوارجی دہشت گرد گروہوں کی جانب سے سرحدی علاقوں میں دوبارہ منظم ہونے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پر قابو پانے کے لیے متحرک ہیں۔ پنجاب پولیس کی یہ کارروائی دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے کی اہم کڑی سمجھی جا رہی ہے۔