لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا، طلبہ نے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور کشمیر سے محبت کا اظہار کیا۔
راولپنڈی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر، مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور سوال و جواب کی ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔
کشمیری طلبہ نے اپنے روایتی انداز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں کشمیر کاز کے لیے پاک فوج کی حمایت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم ہر حال میں کشمیر لیں گے اور پاکستان و کشمیر کو کوئی جدا نہیں کر سکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے طلبہ کی سوچ اور جذبے کو سراہا اور انہیں پاکستان کے استحکام و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے نوجوانوں کو حقائق پر مبنی معلومات کے ذریعے دشمن کے پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے اور سوشل میڈیا پر مثبت بیانیہ قائم کرنے کی تلقین بھی کی۔
طلبہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور سرحدوں کے دفاع میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی امید ہے اور ہم ہر محاذ پر اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور نوجوان نسل میں آزادی کشمیر کا جذبہ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ اس ملاقات کا مقصد نوجوانوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کے بیانیے کو فروغ دینا تھا۔