گوادر: ڈی جی آئی ایس پی آر نے یونیورسٹی آف گوادر کا دورہ کیا اور اساتذہ و طلباء کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر طلباء اور فیکلٹی ممبران نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شاندار استقبال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کے حوالے سے طلباء کو مکمل آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروپیگنڈا اور غلط معلومات کے تدارک کے لیے شواہد کے ساتھ آگاہی ضروری ہے۔
طلباء نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ریاست، آئین اور قومی وقار کے دفاع میں غیر متزلزل رہی ہے، اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی باتوں نے ان کے ذہن میں موجود ابہام دور کر دیے۔ طلباء نے مزید کہا کہ یہ ملاقات نہایت معلوماتی اور بامعنی رہی، اور پاک فوج کے ہر مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کو سراہا۔
اس نشست کے دوران طلباء اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیش کردہ شواہد اور معلومات کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کی درست تفہیم حاصل کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ طلباء اور معاشرے کے دیگر افراد ریاست مخالف مواد کی پہچان اور اس کے تدارک میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
