ڈی جی آئی ایس پی آر کی جی سی یونیورسٹی میں طلبا سے ملاقات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبا و طالبات سے خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے بھارت کے ناکام آپریشن "سندور” اور پاکستان کے کامیاب دفاعی آپریشن "بنیان مرصوص” کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس نشست میں ملکی سیکیورٹی، قومی دفاع، اور نوجوانوں کے کردار سے متعلق اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کے جذبے، حب الوطنی، اور قومی شعور کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبا ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں قومی بیانیے کا حصہ بننا چاہیے۔ انہوں نے طلبا کو معاشرتی اور قومی مسائل پر کھل کر سوالات کرنے کا موقع دیا، جن کے انہوں نے مدلل اور سادہ انداز میں جوابات دیے۔ اس دوران نوجوانوں نے نہ صرف قومی سلامتی کے موضوعات میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا بلکہ دفاع وطن سے متعلق اپنی فکری وابستگی کا بھی اظہار کیا۔

latest urdu news

نشست کے اختتام پر طلبا نے پاک فوج کے لیے ایک ملی نغمہ پیش کیا، جسے شرکا نے بھرپور داد دی۔ اس جذبۂ اظہار پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبا کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کی علمی و فکری نشستوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ طلبا نے بھی مستقبل میں ایسی مزید ملاقاتوں کی خواہش ظاہر کی، تاکہ وہ دفاعی امور، قومی سلامتی، اور ملکی ترقی سے متعلق براہ راست گفتگو کا موقع پا سکیں۔

یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں سے مکالمے کی روایت ملکی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلہ کم کرنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے، جس سے نہ صرف قومی شعور کو جِلا ملتی ہے بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو فروغ بھی حاصل ہوتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter