ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی۔ اس دوران افواجِ پاکستان کے آپریشنل امور اور داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نشست میں طلباء اور اساتذہ نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آرمی سے بات چیت کا موقع ملنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ طلباء نے کہا کہ وہ اپنی مسلح افواج پر فخر محسوس کرتے ہیں، جو عوام کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکاء کو ہدایت دی کہ وہ حقائق کو درست نقطہ نظر سے دیکھیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈا، گمراہ کن اور نقصان دہ معلومات سے خود کو محفوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور درست معلومات حاصل کرنا بطور ذمہ دار شہری ضروری ہے۔
اساتذہ نے کہا کہ آج کی نشست سے انہوں نے ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ کرنے اور پاک فوج کے عزم و بہادری کو سمجھنے کا موقع ملا۔ طلباء نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے مل کر بھارت کے خلاف مضبوط اتحاد قائم کیا ہے اور دہشتگردی کے خلاف ملک کی حفاظت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
