پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے جاری سروے میں اب تک 81 ہزار 510 سے زائد متاثرین کی تفصیلات اکٹھی کر لی گئی ہیں۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں مجموعی طور پر 1857 ٹیمیں ڈیٹا جمع کرنے میں مصروف ہیں۔
سروے ٹیموں نے خاص طور پر کسانوں سے 56,207 فصلوں کے نقصانات کی جانچ پڑتال کی ہے اور 53,985 ایکڑ سیلاب متاثرہ زرعی اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ اس کے علاوہ، سیلاب سے متاثرہ 24,246 مکانات کا ڈیٹا بھی جمع کیا گیا ہے۔
فیفا کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرہ فٹبال گراؤنڈز کی بحالی کی منظوری
مویشیوں کی ہلاکت کے حوالے سے بھی سروے جاری ہے جہاں اب تک 1,057 متاثرین سے 3,945 مویشیوں کی ہلاکت کی تفصیلات موصول ہو چکی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ مکانات اور ہلاک مویشیوں کے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کا کام جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں میں سروے ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے بھی متاثرہ دیہات تک پہنچ کر سیلاب زدہ افراد کا ڈیٹا یقینی بنا رہی ہیں تاکہ مکمل اور درست معلومات کی بنیاد پر امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔