ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 خوارج ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک بہادر سپاہی شہید ہو گیا۔

latest urdu news

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا، جہاں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 خوارج مارے گئے۔ فائرنگ کے دوران وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں سرگرم تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، سرغنہ سمیت 15 خوارج ہلاک

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے ممکنہ خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter