پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے اور موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کرنا پڑا ہے۔ سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی دھند کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے نہ صرف شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا بلکہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی سفر کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے لے کر للہ انٹرچینج تک بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے سمندری تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فور کو شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک بند کیا گیا ہے، جہاں حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو چکی ہے۔
دوسری جانب موٹروے ایم فائیو بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہے۔ ایم فائیو کو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ظاہر پیر سے روہڑی تک موٹروے کو بڑی گاڑیوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون، جو لاہور کو سمبڑیال سے ملاتی ہے، اسے بھی دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
شدید دھند، پنجاب اور کے پی میں موٹرویز بند: موٹروے پولیس
شدید دھند کا اثر صرف موٹرویز تک محدود نہیں رہا بلکہ قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ مختلف مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دھند کے باعث حادثات کے خدشات میں اضافے کے پیش نظر ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس ہائی الرٹ پر ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند کے اوقات، خصوصاً رات اور علی الصبح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑیوں کی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید سڑکوں کی بندش بھی ہو سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن یا ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
