نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی اور وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں دھند کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال میں حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی میں بھی شدید دھند پڑ سکتی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ بالائی سندھ کے علاقوں، خصوصاً سکھر اور اس کے گرد و نواح میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد میں رات کے اوقات اور صبح سویرے دھند متوقع ہے۔
حکام نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔
