یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نیا ملی نغمہ "اللہ ہو” جاری کر دیا۔ یہ نغمہ معروف گلوکار ساحر علی بگا کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں وطن سے محبت، قربانی، اور افواجِ پاکستان کی یکجہتی کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں پاک افواج کی بہادری، عزم، اور قوم کے جذبے کو سراہتے ہوئے ’’اللہ ہو‘‘ کی گونج کو دشمن کے لیے للکار اور اہلِ وطن کے لیے فخر کا استعارہ بنایا گیا ہے۔ نغمے کے ذریعے سرحدوں کے محافظوں، زمینی، فضائی اور بحری افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ملی نغمے میں پاک فضائیہ کی آسمانوں میں مہارت، پاک بحریہ کی سمندری سرحدوں کی حفاظت اور پاک فوج کے سپاہیوں کی بے مثال قربانیوں کو جذباتی اور دل کو چھو لینے والے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ نغمہ نہ صرف 6 ستمبر 1965ء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بلکہ نئے جذبے اور تجدیدِ عہد کا پیغام بھی دیتا ہے۔
یہ نغمہ ملک بھر میں یومِ دفاع کی تقریبات کا روحانی مرکز بن گیا ہے اور سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر شائقین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
نغمے کے اختتام پر یہ پیغام دیا گیا کہ افواجِ پاکستان ہر محاذ پر پوری تیاری، جذبے اور یقین کے ساتھ کھڑی ہیں — اور وطن کی حرمت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔