ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس دشمن بیانیے کا توڑ تھی، فوج کیخلاف ہر آواز ملک دشمنی ہے: دانیال چوہدری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس اس منفی اور جھوٹے بیانیے کے خلاف تھی جو پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے پھیلایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، سپہ سالار اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ ملک میں بیانیوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے اور بعض سیاسی عناصر جان بوجھ کر انتشار پھیلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان دہشت گردی کے خلاف روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں، اس کے باوجود کچھ لوگ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے دشمن کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "میر جعفر اور میر صادق جیسے کردار تاریخ میں ہمیشہ رسوا رہے، اور آج بھی کچھ لوگ اسی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔”

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتی ہے جبکہ ریاست اور عوام ایسی سوچ کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ وہی لوگ ہیں جو ہمیشہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالے رہے اور جنہوں نے مشکل حالات میں بھی سیاسی فائدے کے لیے ملک کو آگ میں جھونکنے سے دریغ نہیں کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاک فوج کے جذبے اور قربانیوں کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا۔ ’’شہداء کا مذاق اڑانے والوں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں‘‘، انہوں نے کہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں بھی اس منفی بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔

جیل میں بیٹھا شخص ذہنی مریض ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ وہ صوبہ جہاں پی ٹی آئی حکومت میں ہے وہاں 14 سال سے امن قائم نہیں ہوسکا۔ کیا ہم اپنے بچوں کو یہ پڑھائیں کہ جو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جائے وہ غدار ہے؟ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کے واقعات دنیا دیکھ رہی ہے، اور پاکستان کے حوالے سے دشمن بھی یہی چاہتا ہے، مگر پاکستان اور دشمن کے درمیان ’’پاک فوج ایک مضبوط دیوار‘‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر عزت پا رہا ہے، مگر دشمن قوتیں یہ برداشت نہیں کرتیں۔ بھارتی میڈیا اسی لیے ان عناصر کی ہر ٹوئٹ کو اٹھاتا ہے۔ ’’قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی‘‘، انہوں نے گفتگو ختم کرتے ہوئے کہا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter