ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈگری کالج کے قریب سڑک کنارے آئی ای ڈی نصب کی گئی تھی جو پولیس موبائل کے قریب پہنچتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکے کے فوراً بعد دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جنگ جاری رہے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور کانسٹیبل سخی جان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
