اسلام آباد، سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ موجودہ آرمی چیف جنگ کی حقیقت کو جانتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارت صرف میڈیا پر جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان نے حقیقی طور پر میں جنگ کی تیاری کرلی ہے، بھارت توقع نہیں کرسکتا کہ پاکستان کس طرح کا جواب دے گا۔
انوارالحق کا کہنا ہے کہ موجودہ آرمی چیف جنگ کی اصل روح کو جانتے ہیں، چین نے ہندوستانی آرمی کو ڈنڈوں سے مار کر بھگایا تھا۔
ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ نگران دور میں عمران خان سے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا، مسنگ پرسنز کے معاملے پر ڈیٹا نہیں دیا جاتا، کچھ لوگ انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویو دینے سے نہیں ڈرتے حکومت کو ڈیٹا دینے سے ڈرتے ہیں۔
دوسری جانب 29 اور 30 اپریل کی رات بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس پر پاک فوج نے فوری اور موثر جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارت نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیانی اور منڈل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا اور ایل او سی پر دشمن کی سرگرمیاں روک دیں۔