سی ٹی ڈی بنوں کی کارروائی میں لکی مروت کے علاقے حرامہ تالہ میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد مارے گئے، بھاری اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد۔
لکی مروت: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بنوں نے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی گاؤں حرامہ تالہ کے قریب بھٹنی نہر کی کچی سڑک پر کی گئی، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا۔
ترجمان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں وسیم اللہ اور قدرت اللہ شامل ہیں، دونوں کا تعلق گنڈی خان خیل، لکی مروت سے ہے، جبکہ تیسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت ہجرت اللہ عرف ہجرت کے نام سے ہوئی ہے، جو گاؤں حرام تالہ، گمبیلا، لکی مروت کا رہائشی تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ تینوں دہشت گرد ایل ایچ سی وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور سپاہی ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ یہ افراد بم دھماکوں، پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں بھی مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے چار دستی بم، ایک کلاشنکوف، متعدد کارتوس اور دو موبائل فون برآمد کر لیے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ان موبائل فونز کا فرانزک تجزیہ کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر عناصر تک بھی پہنچا جا سکے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع، بالخصوص لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان، حالیہ برسوں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کا مرکز بنے رہے ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے ان علاقوں میں کئی کارروائیاں کی گئی ہیں جن کا مقصد مقامی سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث عناصر کا خاتمہ ہے۔