Punjab Police کے تحت قائم کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) میں ایک ہزار نئی بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے لیے 491 ملین روپے کے فنڈز بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔
صوبائی کابینہ نے سی سی ڈی میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مختلف کیڈرز میں فوری بھرتیوں کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام صوبے بھر میں خطرناک ڈاکوؤں، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق سی سی ڈی کا قیام مارچ 2025 میں عمل میں آیا تھا، جس کے لیے 7486 اہلکاروں کی منظوری دی گئی تھی، تاہم اس وقت صرف 3904 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 3582 اسامیاں خالی ہیں۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی کے قیام کے بعد جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 55 فیصد اور قتل کے واقعات میں 45 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھرتیوں کے منصوبے کے تحت مختلف عہدوں پر افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں ایس پی، ڈی ایس پی، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔
پنجاب میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں 8 خطرناک گینگز کا خاتمہ
حکومت نے ان بھرتیوں اور دیگر انتظامی اخراجات کے لیے مالی سال 2025-26 کے سپلیمنٹری بجٹ میں 491 ملین روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
