184
لاہور: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کے لیے پولیس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس کو دو مرتبہ مہلت دی گئی تاکہ وہ ملزم کے یہ ٹیسٹ کرا سکیں، لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ عدالت نے مزید کہا کہ عمران خان کو بھی دو مرتبہ موقع دیا گیا تاکہ وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے یہ ٹیسٹ کروائیں، مگر انہوں نے انکار کیا۔
جج نے ریمارکس دیے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے جس میں ایک ملزم اپنی بے گناہی ثابت کرنے سے انکاری ہے۔ عدالت نے کہا کہ دو بار انکار کے بعد تیسری بار موقع دینا محض وقت کا ضیاع ہوگا، لہٰذا مزید موقع کی ضرورت نہیں سمجھی جاتی۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق دستیاب تمام دیگر طریقوں سے تفتیش مکمل کرے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے۔