پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے دفاتر کے درمیان رابطے: اسحاق ڈار کا انکشاف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں (NSAs) کے دفاتر کے درمیان رابطے قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بات بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

latest urdu news

اسحاق ڈار کے مطابق دونوں ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کے باجود بیک چینل یا تکنیکی رابطے ختم نہیں ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ "پاکستان اور بھارت کے NSAs کے دفاتر کے درمیان رابطے جاری ہیں اور افواج کے درمیان ہاٹ لائن بھی مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔”

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی کشیدگی، ڈرونز کی دراندازی، اور جوابی حملوں کے الزامات شدت اختیار کر چکے ہیں۔ دونوں جانب سے نہ صرف الزامات کا تبادلہ ہوا بلکہ عسکری سطح پر کارروائیوں کے دعوے بھی سامنے آئے۔

ڈار نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ان رابطوں کا دائرہ کار کتنا وسیع ہے یا ان کا نتیجہ کیا نکل سکتا ہے، تاہم ان کے بیان سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مکمل سفارتی تعطل کے باوجود کچھ سطح پر مواصلاتی دروازے کھلے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے رابطے کشیدگی کو قابو میں رکھنے اور ممکنہ جنگ کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ماضی میں بھی ہاٹ لائن اور بیک چینل ڈپلومیسی کے ذریعے متعدد بار تناؤ کو کم کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب عالمی برادری دونوں ممالک سے صبر و تحمل اور مذاکرات کی اپیل کر رہی ہے، اور خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter