وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کچھ سازشی عناصر اب بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو واپس اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں جاری ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ فیض حمید بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کے انچارج تھے اور جب وہ کور کمانڈر پشاور تھے، انہوں نے عمران خان کی سیاست کو تقویت دی۔ ان کے بقول دھاندلی کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا، اور اس منصوبے کے لیے کئی شخصیات کام کرتی رہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں ملک کے اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، پارلیمنٹ کو آئی ایس آئی کا ذیلی ادارہ بنا دیا گیا، اور 9 مئی کو جو تباہی برپا ہوئی، اس کے پیچھے بھی فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کا ہاتھ تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر یہ گٹھ جوڑ قائم رہتا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ فیض حمید کے خلاف مقدمات اور چارجز ابھی جاری ہیں اور 9 مئی کے کیس سمیت دیگر مقدمات کا بھی احتساب ہو رہا ہے۔ انہوں نے فوج کی کارروائیوں اور احتساب کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج نے خود فیض حمید کا ٹرائل کیا اور اسے 15 ماہ کے اندر سزا سنائی گئی۔
نواز شریف ہٹانے اور خان لانے کے پراجیکٹ پر فیض حمید کے خلاف کارروائی: خواجہ آصف
خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ احتساب صرف ان افراد تک محدود نہیں بلکہ وہ لوگ بھی جواب دہ ہوں گے جو بیوروکریسی یا دیگر اداروں میں چھپ کر سازشوں میں ملوث رہے۔ ان کے بقول، عوام اور فوج نے 9 مئی کے بعد ملک کا سر فخر سے بلند کیا، اور ضروری ہے کہ ملک دشمن عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کی سازشوں کے مکمل انکشاف اور احتساب پر زور دیا اور دعا کی کہ ایسے عناصر کا قلع قمع ہو تاکہ ملک کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
