اسلام آباد، سابق صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کا کہنا تھا کہ اگر آئین پاکستان کا حلیہ بگاڑا گیا تواس کے بڑے خطرناک نتائج ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران عابد زبیری نے کہا کہ آپس میں ججز کو متحد ہونا چاہیے، ججز کو اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانا چاہیے۔
عابد زبیری کا کہنا تھا کہ کسی کے پتلے جلانا مناسب نہیں، پارلیمان کو قانون سازی کا پورا حق ہے، آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، دراصل یہ سپریم کورٹ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ وکلا اپنی آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے، اگر آئین کا حلیہ بگاڑا گیا تواس کے نتائج خطرناک ہونگے، آج حکومت یہ قانون سازی کرے گی تو یہی لوگ پھنسیں گے، حکومت آئین سے چھیڑ چھاڑ نہ کرے، وکلا سپریم کورٹ کا دفاع کریں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 11 سابق اراکین قومی اسمبلی کو نااہل قراد دیدیا۔
سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 11 سابق اراکین قومی اسمبلی کو نااہل قرار دیدیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام اراکین اسمبلی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کے 7 سابق اراکین کو بھی نا اہل قرار دیا گیا ہے جو گوشوارے جمع کرانے تک نااہل رہیں گے۔ گوشوارے جمع کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی۔