سندھ حکومت نے صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ آج سے اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ اس بار یہ اعلان محض کاغذی نہیں ہوگا بلکہ سخت ایکشن لیا جائے گا۔
سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز خان نے تمام فیکٹری مالکان، مینوفیکچررز، سپلائرز، تھوک فروشوں اور دکانداروں کو متنبہ کیا ہے کہ پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت، ترسیل یا استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں، گرفتاریوں اور فیکٹری بند کرنے جیسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماضی میں کئی بار مہلت دی، آگاہی مہمات چلائیں اور وارننگز بھی جاری کیں، لیکن اب برداشت کی کوئی گنجائش نہیں بچی، انہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ فوری طور پر فیلڈ میں نکل کر کارروائیاں شروع کریں اور بلاامتیاز سختی سے قانون کا نفاذ کریں۔
صوبے کے مختلف شہروں میں حکومتی ٹیموں نے مارکیٹوں، دکانوں اور فیکٹریوں میں چھاپے مارنے کا آغاز کر دیا ہے اور شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ماحول دوست متبادل استعمال کریں اور حکومت کے اقدامات کا ساتھ دیں۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے پلاسٹک بیگز پر پابندی کا فیصلہ پہلی مرتبہ 2019 میں کیا تھا، مگر مسلسل تاخیری عمل، کمزور عملدرآمد اور صنعتکاروں کی مزاحمت کے باعث یہ قانون موثر نہ بن سکا۔ اب ایک بار پھر حکومت نے سختی سے اس پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی، نکاسی آب کی بندش، اور کچرے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔