وادی کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج صبح آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا حسین ہالہ دیکھا گیا جس نے شہریوں کو حیران کر دیا۔
صبح تقریباً 6 بج کر 20 منٹ پر کوئٹہ، نوشکی اور دالبندین سمیت دیگر علاقوں میں افق پر مختلف زاویوں سے بننے والے رنگوں کے دائرے اور روشنیوں کے ہالے دکھائی دیے، جو کچھ دیر بعد غائب ہوگئے۔ شہریوں نے اس منظر کو کیمروں میں قید کیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق یہ خوبصورت منظر دراصل لینٹیکیولر بادل (Lenticular Clouds) کی وجہ سے پیدا ہوا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ عدسے (لینس) کی شکل کے بادل ہوتے ہیں جو پہاڑوں کے اوپر ہوا کے بہاؤ کے مخالف سمت میں بنتے ہیں۔
انجم نذیر کا کہنا تھا کہ آج صبح کوہِ مردار کے اوپر ایسا ہی بادل بنا، جو سورج نکلنے سے پہلے ظاہر ہوا اور تقریباً 6:45 پر غائب ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جب نم اور مستحکم ہوا پہاڑی چوٹیوں سے گزرتی ہے تو فضائی لہریں پیدا کرتی ہے، جس سے بادل بنتے اور مخصوص زاویوں پر روشنی منعکس ہونے سے رنگ برنگا ہالہ نظر آتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہرین کے مطابق ایسے بادل بعض اوقات اپنی منفرد شکل کی وجہ سے اڑن طشتری (UFO) سمجھ لیے جاتے ہیں۔
