وفاقی دارالحکومت کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کی لاش دریا کنارے سے مل گئی ہے، تاہم ان کی بیٹی کا سراغ تاحال نہیں مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حالیہ طوفانی بارش کے دوران کرنل (ر) اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں موجود تھے، جب اچانک ان کی کار بند ہو گئی۔ اس دوران تیز پانی کا ریلا آیا، جس نے انہیں گاڑی سمیت بہا دیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری سرچ آپریشن کا آغاز کیا، جو ابتدائی طور پر نجی سوسائٹی کے برساتی نالے کے اطراف جاری رہا۔ بعد ازاں تلاش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دریائے سواں کے داخلی و خارجی مقامات پر بھی کارروائیاں کی گئیں۔
گزشتہ روز ریسکیو اہلکاروں کو گاڑی کے کچھ حصے، جیسے بمپر اور سائیڈ مرر تو مل گئے تھے، مگر گاڑی اور متاثرہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔ تاہم بارش کے تھمنے اور پانی کی سطح کم ہونے کے بعد تلاش میں پیش رفت ممکن ہوئی۔
آج دریائے سواں کے پل کے قریب سے کرنل (ر) اسحاق قاضی کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، جس کی شناخت اہلِ خانہ نے کر لی ہے۔ ان کی بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے اور ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
متاثرہ خاندان کے لیے یہ سانحہ شدید دکھ اور غم کا باعث ہے، جبکہ شہری حلقے اور سوشل میڈیا صارفین امدادی اداروں سے بیٹی کی جلد بازیابی کی اپیل کر رہے ہیں۔