راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی کے شہریوں کے لیے جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پہلے مرحلے میں چین کے تعاون سے حاصل کی گئی 87 نئی ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں شہر میں پہنچا دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر سابق جی ٹی ایس اڈے پر الیکٹرک بسوں کے ٹرمینل کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ عام شہریوں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے گا۔ 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو یہ سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔
الیکٹرک بسوں کے اسٹاپس تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں روات سے موٹروے چوک سمیت چار اہم اور گنجان آباد روٹس پر سروس کا آغاز کیا جائے گا، جو 84 کلومیٹر کے وسیع علاقے کو کور کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بسوں میں وائی فائی، GPS ٹریکنگ، اور موبائل چارجنگ پورٹس جیسی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ منصوبہ فضائی آلودگی میں کمی اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم کا ڈیجیٹل پاکستان وژن؛ شہباز شریف آج آئی ٹی پروگرام کا اجرا کریں گے
مزید برآں، راولپنڈی میں آپریشنز اور چارجنگ انفراسٹرکچر کی تیاری سے مقامی سطح پر روزگار کے سینکڑوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔