وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ ایک بار پھر طے پا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، ان کی نسبت سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رشتہ داروں میں سے ایک خاندان کی لڑکی سے طے پائی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ خاندان لاہور میں مقیم ہے اور دونوں خاندانوں کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔
جنید صفدر اور ان کی ہونے والی شریکِ حیات کی بات چیت اور ملاقاتیں خاندانی ماحول میں ہوئیں، اور دونوں جانب سے رضا مندی کے بعد رشتہ طے پا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رشتے سے متعلق بات چیت تقریباً ایک ماہ قبل شروع ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے۔
اگرچہ فی الحال باقاعدہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم قوی امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ میں منگنی اور نکاح کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2021 میں جنید صفدر کی شادی معروف کاروباری شخصیت سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے لندن میں ہوئی تھی۔ اس پُرتعیش تقریب نے سوشل میڈیا اور ملکی ذرائع ابلاغ پر بھرپور توجہ حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں اکتوبر 2023 میں جنید صفدر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی اور عائشہ سیف کی راہیں جدا ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ سے تعلیم مکمل کرنے والے جنید صفدر اس وقت لاہور میں مقیم ہیں اور مختلف سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے دوبارہ رشتہ طے پانے کی خبر پر ن لیگ کے حلقوں اور شریف خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔