وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینکس آن وہیلز کو صحت کے شعبے میں انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس، دل اور ذیابیطس کی ادویات اب گھروں پر پہنچ رہی ہیں۔
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحت کے شعبے میں اپنی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں صحت اور تعلیم پر صرف دعوے کیے گئے، لیکن جب بھی حقیقی کام ہوا، وہ صرف نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں ہی نظر آیا۔
لاہور میں "کلینک آن وہیلز” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں ایک بڑا انقلاب ہے، جو اب پورے پنجاب میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں کینسر کے مریضوں کو دوائیاں دینا بند کر دی گئی تھیں، یہاں تک کہ انہیں سڑکوں پر احتجاج کرنا پڑا۔ اب ان مریضوں کو گھروں پر ہی دوا فراہم کی جا رہی ہے، جن میں ہیپاٹائٹس، دل کے امراض، انسولین اور دیگر اہم ادویات شامل ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ کلینکس آن وہیلز کا منصوبہ کچھ ماہ قبل شروع کیا گیا تھا اور اب تک اس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر 45 ہزار افراد کا علاج ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 911 موبائل کلینکس پنجاب کے کونے کونے میں پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بچوں کو غذائی قلت جیسے سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے، اور کلینکس آن وہیلز ان علاقوں میں بھی علاج اور آگاہی کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔
تقریب کے دوران مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق بھی بتایا کہ انہیں کندھے میں تکلیف ہوئی، جس پر وہ کل میو اسپتال گئیں، جہاں عام مریض کی طرح پرچی بنوائی، ایم آر آئی اسکین کروایا، اور اسپتال میں موجود علاج کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ "کلینکس آن وہیلز” مریم نواز کی وزارتِ اعلیٰ کے دوران شروع کیا گیا ایک قابلِ ذکر منصوبہ ہے، جس کا مقصد دیہی اور پسماندہ علاقوں میں عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات موبائل کلینکس کے ذریعے فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک لاکھوں افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔