وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں بچوں کو مفت انسولین کی فراہمی کا "سی ایم انسولین کارڈ پروگرام” شروع کر دیا۔ پہلے مرحلے میں 1500 بچوں کو گھر پر انسولین، گلوکومیٹر اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ذیابیطس میں مبتلا کمسن بچوں کے لیے پنجاب حکومت کے فری انسولین پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ مریم نواز نے خود لاہور کے مختلف علاقوں میں جا کر بچوں کو "سی ایم انسولین کارڈز” فراہم کیے۔
پیر کے روز وزیراعلیٰ مریم نواز رائیڈرز کے ہمراہ سبزہ زار کے کیو بلاک پہنچیں، جہاں انہوں نے کمسن واسع عدنان، زینب وحید اور زین شہزاد کو نہ صرف انسولین کارڈ دیے بلکہ ان کے ساتھ گلوکومیٹر، بی ایس آر اسٹرپس، اور نیڈل باکس بھی فراہم کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے واسع عدنان کی دادی سے گلے مل کر خیریت دریافت کی اور واسع کو ذاتی طور پر گاڑی بھجوانے کا وعدہ بھی کیا۔ بچوں نے مریم نواز پر پھول نچھاور کیے اور ان کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شوگر میں مبتلا بچوں کی تکلیف کو بخوبی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بچے انسولین یا دوا خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، ان تک حکومت خود انسولین پہنچائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام خالصتاً انسانیت کے جذبے کے تحت شروع کیا گیا ہے تاکہ والدین کا بوجھ کم ہو اور بچے بہتر زندگی گزار سکیں۔
یاد رہے کہ انسولین پروگرام پنجاب حکومت کا وہ پہلا منصوبہ ہے جس کے تحت ذیابیطس کے شکار بچوں کو مفت انسولین ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 1500 بچوں کو یہ سہولت دی جائے گی، جبکہ اگلے مرحلوں میں اس کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلایا جائے گا۔ یہ اقدام نہ صرف صحت کے شعبے میں انقلابی تصور کیا جا رہا ہے بلکہ کم آمدنی والے والدین کے لیے ایک بڑی سہولت بھی بنے گا۔