وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایڈز کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایڈز کے مریض نفرت کے نہیں بلکہ ہمدردی اور مدد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈز ایک اہم سماجی اور اقتصادی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیے ہر فرد اور ادارے کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایڈز کی روک تھام، جانچ اور علاج تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور متاثرہ افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کمیونٹی اور این جی اوز کی خدمات کو بھی سراہا جو ایڈز کے خاتمے اور علاج کے لیے سرگرم ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ حکومت پنجاب ایڈز کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ڈائیلسز کے مراکز میں ایڈز سکریننگ کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب علاج اور جلد تشخیص سے ایچ آئی وی/ایڈز متاثرہ افراد کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
