اسکردو میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید تباہی، درجنوں مکانات اور دکانیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسکردو کے علاقے کندوس میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں طوفانی سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

مقامی ذرائع کے مطابق، سیلاب کی زد میں آ کر کم از کم 49 رہائشی مکانات، 20 تجارتی دکانیں اور دو مساجد مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں مواصلاتی نظام مفلوج ہو گیا، جبکہ ایک اہم پل بھی پانی کی نذر ہو کر زمینی رابطہ منقطع کر گیا۔

latest urdu news

اسی دوران سب ڈویژن ڈغونی میں بھی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ایک کم عمر لڑکی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی۔ دشوار گزار راستوں اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کے باعث امدادی کارروائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔

یہ سانحہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب صرف دو دن قبل دیامر کے علاقے میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔ اس واقعے میں لودھراں سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر، ان کے دیور اور سسر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کا بیٹا اب تک لاپتا ہے۔ امدادی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد سیاحوں کو چلاس منتقل کر دیا تھا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں آٹھ کلومیٹر طویل سڑک بھی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔

وزیراعظم نے اس صورتِ حال پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو فوری اور مؤثر انداز میں تیز کیا جائے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 252 ہو چکی ہے، جن میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ صرف پچھلے ایک دن میں 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 13 دیگر زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ریکارڈ کی گئی ہیں، جہاں 139 افراد جان سے گئے، اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 24 اور بلوچستان میں 16 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر، متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اور بحالی کے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، اور عوام کی جانب سے حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter