واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے ایک سنگین خطرہ اور بقا کے لیے براہ راست چیلنج قرار دیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں "فنڈ فار ریسپانڈنگ ٹو لاس اینڈ ڈیمج (FRLD)” کے اعلیٰ سطحی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی نقصان اور تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ یہ فنڈ ترقی پذیر اور ماحولیاتی لحاظ سے کمزور ممالک کے لیے ایک بڑی امید ہے، جس کا مقصد آہستہ آہستہ ہونے والی تباہ کاریوں اور شدید موسمی اثرات کے خلاف مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، اور اب وقت آ چکا ہے کہ اس فنڈ کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ متاثرہ ممالک کو بروقت ریلیف مل سکے۔
وزیر خزانہ نے اس موقع پر فنڈ کی شفافیت، مؤثر نگرانی اور فوری ادائیگی کے اصولوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح فنڈز کے حصول میں پیچیدگیاں اب قابل قبول نہیں ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کو ترجیحی بنیادوں پر آسان رسائی فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ موسمیاتی آفات کا مؤثر مقابلہ کر سکیں۔