چنیوٹ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جب کہ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ قوم کو آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پر مبارک ہو، ہماری بہادر افواج نے ثابت کیا کہ جنگیں صرف افرادی قوت سے نہیں بلکہ صلاحیت اور مہارت سے جیتی جاتی ہیں، پاک فضائیہ نے دشمن کے رافیل طیاروں کو زمین بوس کر کے اپنی برتری منوائی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے فتح میزائل سے دشمن پر رعب قائم کیا، جبکہ بحریہ نے سمندری حملے کے خواب چکنا چور کر دیے۔ بھارت کو جنگ بندی کی بھیک مانگنی پڑی۔
تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چنیوٹ کیمپس ہمارے تعلیمی وژن کی عکاسی ہے، ہم اعلیٰ تعلیم کو بڑے شہروں سے نکال کر چھوٹے شہروں تک لے جا رہے ہیں، ویژن 2025 کے تحت ہر ضلع میں کیمپس کے قیام کا منصوبہ شروع کیا، تاکہ نوجوان تعلیم حاصل کر کے ملک کی خدمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، سائنسی ترقی اور انسانی وسائل پر توجہ دیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، ماضی میں مارشل لا کے باعث وژن 2010 مکمل نہ ہو سکا، تاہم موجودہ حکومت نے ہزاروں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اجرا کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ آنے والا دور ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت (AI) کا ہے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے کر انہیں ٹیکنالوجی سے لیس کر رہے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ ترقی انڈوں اور مرغیوں سے نہیں بلکہ علم اور مہارت سے ممکن ہے، ہمارا مقصد نوجوانوں کو باصلاحیت بنانا ہے، نہ کہ نفرت یا گالم گلوچ سکھانا۔