کراچی پورٹ پر 1600 ایکڑ پر محیط جدید پورٹ سٹی قائم ہوگی، چین کی 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، سی پیک بزنس سینٹر، میری ٹائم سٹی اور تھیم پارک منصوبے کا حصہ۔
کراچی: پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کراچی پورٹ پر جدید سہولیات سے آراستہ 1600 ایکڑ پر مشتمل "پورٹ سٹی” کے قیام کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس میگا پراجیکٹ میں چین 3 ارب ڈالر کی براہِ راست سرمایہ کاری کرے گا۔
کمیٹی ممبر کے پی ٹی (کراچی پورٹ ٹرسٹ) عبد اللہ ذکی کے مطابق اس منصوبے کو "کراچی کوسٹل کمپری ہینسو ڈویلپمنٹ زون” کا نام دیا گیا ہے۔ چین نے اس پراجیکٹ میں شراکت داری کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، جبکہ دیگر ممالک کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” کے بعد اس منصوبے پر عملی پیش رفت میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ منصوبے میں سی پیک بزنس سینٹر، انٹرنیشنل میری ٹائم سٹی، ساؤتھ ایشیا تھیم پارک اور جدید کنٹینرز ٹرمینل کی تعمیر شامل ہے۔
عبد اللہ ذکی کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں تقریباً 6 سے 7 سال کا وقت درکار ہوگا، جس کے بعد کراچی کو خطے کا ایک اہم ترین ٹرانس شپمنٹ حب بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی پورٹ پر سمندر کی موجودہ گہرائی 13 میٹر ہے، جسے بڑھا کر 16 میٹر تک لایا جائے گا تاکہ بڑے بحری جہازوں کی آمد و رفت ممکن ہو سکے۔
عبد اللہ ذکی نے یہ بھی واضح کیا کہ دنیا کے اہم ٹرانس شپمنٹ مراکز جیسے سنگاپور، جبل علی اور ہانگ کانگ اس وقت غیر معمولی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں چین کے تعاون سے کراچی کو خطے کی متبادل بندرگاہ کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ چین پہلے ہی سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان کے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے، اور کراچی پورٹ سٹی منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کی ایک تازہ مثال ہے۔