24
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئین نہ صرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ہے۔
یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ ہم اپنے پیارے وطن کا 78واں یومِ آزادی منا رہے ہیں، اس موقع پر وہ پوری قانونی برادری اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کے وژن، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کی یاد دہانی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آئین ہمارے عوام کی امنگوں کا عکاس ہے، جو انصاف کو معاشرے کی بنیاد بناتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کمزوروں کے حقوق کے تحفظ میں ثابت قدم رہنا چاہیے اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا معاشرہ پروان چڑھانا ضروری ہے جہاں تنازعات منصفانہ طریقے سے حل ہوں اور ہر شہری اپنی زندگی میں انصاف کی موجودگی کو محسوس کرے۔