اسلام آباد، ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن اور اشتعال انگیز مہم چلانے کے الزام میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پانچ افراد کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمات درج کر دیے۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق مذکورہ افراد سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان اور دیگر ریاستی اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے جھوٹے اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث پائے گئے، ان افراد نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی قومی اداروں کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش کی۔
مقدمات میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا مواد نہ صرف عوام میں غلط فہمیاں اور بے چینی پیدا کرنے کا باعث بنا، بلکہ اس سے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے کی کوشش بھی کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس گمراہ کن مہم کا مقصد عوام میں خوف، اضطراب اور ریاستی نظام پر بداعتمادی کو فروغ دینا تھا، تمام شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔