تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز کی خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن اور پبلک نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل کل (8 اکتوبر) سے شروع ہوگا، جو 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ امیدوار روزانہ صبح 8:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک اپنے کاغذات جمع کرا سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 12 اکتوبر تک مکمل کیا جائے گا، جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ضمنی انتخاب 30 اکتوبر کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقد کیا جائے گا، جہاں اسمبلی کے ارکان ووٹ ڈالیں گے۔
شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
یاد رہے کہ شبلی فراز نے حال ہی میں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔ ضمنی انتخاب میں تمام سیاسی جماعتوں کی نظریں اس اہم نشست پر مرکوز ہیں، اور ایک بار پھر خیبر پختونخوا اسمبلی ایوانِ بالا کی نمائندگی کے لیے اپنا فیصلہ دے گی۔