مشعال ملک نے برہان وانی کی برسی پر کہا کہ وہ صرف فرد نہیں، ایک تحریک اور ہر کشمیری کی امید تھا، کشمیر آج بھی اس کی للکار سے گونج رہا ہے۔
اسلام آباد، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور کشمیر کاز کی سرگرم کارکن مشعال ملک نے کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کی برسی پر جذباتی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان وانی مرا نہیں، وہ ہر کشمیری کی سانس بن چکا ہے اور آزادی کی اذان جلد بلند ہوگی۔
اپنے پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ سلام ہے اس عظیم ماں پر جس نے برہان جیسے بہادر بیٹے کو جنم دیا، اور اس بیٹے پر جو زندہ ہو کر بھی شہادت کی چادر اوڑھ گیا۔ برہان صرف ایک انسان نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک تحریک اور ہر کشمیری نوجوان کی امید تھا، اور آج کشمیر کی فضائیں اس کی للکار سے گونج رہی ہیں۔
مشعال ملک نے برہان وانی کو ایک ایسا چراغ قرار دیا جو جل کر اندھیروں کو روشنی میں بدل گیا۔ ان کے مطابق 8 جولائی صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ شہادت کی ایک ایسی شروعات ہے جس نے کشمیر کے نوجوانوں کو بیدار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برہان نے بندوق نہیں اٹھائی، اس نے شعور جگایا۔ وہ نہ جھکا، نہ رکا، نہ بکا۔ ظلم کے ہر وار پر اس کی مسکراہٹ ہی اس کا جواب تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس دن برہان کو شہید کیا گیا، اسی دن کشمیر کی آنکھوں نے ایک انقلاب دیکھا، اور آج کا ہر نوجوان اسی راستے پر گامزن ہے۔ برہان ایک نظریہ بن چکا ہے، ایک ایسی صدا جو ہر دل میں زندہ ہے۔
مشعال ملک نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کسی فرد یا جماعت کی نہیں، یہ ایک قومی بیداری ہے جو اب رکنے والی نہیں۔ ان کے مطابق وہ دن دور نہیں جب دنیا کشمیر میں آزادی کی اذان سنے گی، اور یہ جدوجہد برہان وانی جیسے بہادر نوجوانوں کی قربانیوں سے ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
یاد رہے کہ برہان مظفر وانی کو بھارتی فورسز نے 8 جولائی 2016 کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد وادی کشمیر میں تحریکِ آزادی نے نئی شدت اختیار کی۔ وانی کی شہادت آج بھی کشمیری نوجوانوں کے لیے مزاحمت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔